جمشید اقبال

وزیر اعظم کی ساری توجہ معیشت کی بہتری ، پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے پر مرکوز ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور( عکس آن لائن )انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری جمشید اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ساری توجہ معیشت کی بہتری اور پسے ہوئے طبقات کی زندگیوں میں بہتری اور آسودگی لانے پر مرکوز ہے ،حکومت کے بروقت فیصلوں سے پاکستان آگے بڑھ رہا ہے لیکن اپوزیشن نے اپنی آنکھوں پر تعصب کی پٹی باندھ رکھی ہے ، حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حلقہ این اے 127 میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جن حالات میں ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے عوام اس سے آگاہ ہیں اس لئے اپوزیشن معیشت کی ابتری اور مہنگائی کا واویلا کر کے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتی ۔ حکومت نے بروقت فیصلوںسے آئی سی یو میں پڑی ہوئی معیشت کو پائوں پر کھڑا کر دیا ہے اور انشا اللہ بہت جلد یہ ٹیک آف کی پوزیشن میں آ جائے گی ۔

موجودہ حکومت عوام کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں ریلیف دینے کیلئے دن رات کام جاری ہے ۔ بہتری ہوتی معیشت کے اثرات جلد نظر آئیں گے جس سے عوام کی زندگیوں میں بھی تبدیلی آئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ایک دوسرے سے کرپشن کا مقابلہ کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے کئی دہائیوں سے چلی آنے والی اس روایت کو توڑا ہے ، آج کوئی بھی قومی خزانے میں نقب لگانے کا نہیں سوچ سکتا ، ہم عوام کے پیسے کی حفاظت کریں گے او ران کا پیسہ ان پر خرچ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں