وزیر اعظم

وزیر اعظم سے بابراعوان کی ملاقات ،عدالتی نوٹس پر آئینی وقانونی نقات کا جائزہ

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک سے کوئی خوف نہیں،حکومت ہر صورت اپنی مدت پوری کرے گی ،احتجاج اپوزیشن کا آئینی ہے ،تحریک انصاف کے پاس آج بھی سٹریٹ پاور ہے ،مجھ سے بہتر لوگوں کو اکٹھا کرنے کا فن کوئی نہیں۔

جمعرات کے روز وزیر اعظم سے مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے یہاں وزیر اعظم ہاﺅس میں ملاقات کی ۔دونوں رہنماﺅں کے درمیان کل (جمعہ) سے شروع ہونے والے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے وزیر اعظم کو مختلف آئینی و قانونی امور پر اعتماد میں لیا ۔

وزیر اعظم نے بابر اعوان کو عوامی مفاد کی قانون سازی کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے وزیر اعظم کو بھجوائے جانے والے نوٹس کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اوربابر اعوان نے آئینی و قانونی نقات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت عدلیہ کا احترام کرتی ہے ،ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں ،ملک آئین وقانون کی بالادستی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک سے خوف نہیں ہے ،اپوزیشن کے پاس سٹریٹ پاور نہیں ہے لوگ آج بھی تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں ،مجھ سے بہتر لوگوں کو اکھٹا کرنے کا فن کوئی نہیں جانتا ہے،عمران خان نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر حکومت ہر صورت اپنی مدت پوری کرے گی۔اپوزیشن کا ایجنڈا عوامی مسائل کے حل کی آواز اٹھانا نہیں حکومت گرانا ہے۔ریاستی اداروں کو نشانہ بنا کر اپوزیشن کون سے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے۔اپوزیشن کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی کا احساس ہے،مہنگائی مافیا جتنا بھی طاقتور ہوا ان کے خلاف کاروائی ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں