وزیراعظم

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، ٹیکس کوڈ آسان بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکس نظام میں شفافیت کیلئے خودکار نظام متعارف کروانے کی ضرورت ہے، ٹیکس نظام کی خامیاں دور کرکے ٹیکس کوڈ آسان بنایا جائے ۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خسرو بختیار، حفیظ شیخ، اسد عمر، حماد اظہر، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، وقار مسعود، تابش گوہر، ندیم بابر، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات کا مقصد ٹیکس نظام کو سادہ اور عام فہم بنانا ہے، ٹیکس اصلاحات میں اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ عام عوام پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کی خامیاں دور کرکے ٹیکس کوڈ آسان بنایا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس کولیکٹرز اور افسران کے صوابدیدی اختیارات کو کم سے کم کیا جائے اور ٹیکس چوری کوروکا جائے۔وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو فلائنگ انوائسز کا مسئلہ جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام میں شفافیت کیلئے خودکار نظام متعارف کروانے کی ضرورت ہے، ٹیکس نظام ایسا ہوا جس سے کاروبار کو سہولت اور معیشت کو ترقی ملے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں