گلگت بلتستان

وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی،ترقیاتی پیکج کی تیاری پرکام شروع

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی، جس کے بعد ترقیاتی پیکج کی تیاری پرکام شروع کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج کا فیصلہ کرلیا، وزیراعظم نے خصوصی پیکج کی منظوری دے دی ہے ، جس کے بعد ترقیاتی پیکج کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیراسد عمر اور وزیراعلی گلگت بلتستان خالدخورشید کی ملاقات ہوئی جبکہ گلگت بلتستان کےترقیاتی پیکچ کی تیاری کیلئے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، جس میں جی بی میں توانائی،انفرااسٹرکچر،سیاحت کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نوجوانوں کی ترقی،تعلیم،آئی ٹی،مواصلات شعبے ، جواہرات،معدنیات،نجی شعبے کی ترقی،تجارت،ای کامرس منصوبے ، خواتین کی ترقی، صحت، نرسنگ ، غربت کے خاتمے کی منصوبہ بندی بھی ترقیاتی پیکچ میں شامل ہیں جبکہ اسپتالوں میں بہتری، چھوٹی صنعت، زراعت اور لائیو اسٹاک کا فروغ ترجیح ہوگا۔ وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ پسماندہ طبقوں کو اوپر اٹھانا ریاست کی ذمہ داری، وزیراعظم کا ویژن ہے، گلگت بلتستان ملک کے دوسرے حصوں کی نسبت پسماندہ رہ گیا، سی پیک کےباعث گلگت بلتستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرتاریخی ترقیاتی پیکج مرتب کررہے ہیں، جی بی کی ترقیاتی ضروریات کو نظر انداز کیا جاتا رہا، وفاقی حکومت اور جی بی انتظامیہ ترقیاتی پیکج مرتب کرے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بھی علاقے کی ترقی کیلئے کام ہوگا۔ وزیراعلی جی بی خالد خورشید نے کہا وفاق کااٹھایاگیا قدم جی بی کی عوام کیلئےخوش آئند ہے، پہلی مرتبہ وفاقی حکومت نے جی بی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں