انضمام الحق

میں نے اپنے دورمیں لارا سے بہترین بیٹسمین نہیں دیکھا، انضمام الحق کا خراج تحسین

لاہور(عکس آن لائن)سابق کپتان انضمام الحق نے برائن لارا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنے دورمیں لارا سے بہترین بیٹسمین نہیں دیکھا۔برائن لاراا نے 16 برس پہلے آج کے دن ریکارڈ ساز اننگز کھیلی، بائیں ہاتھ کے بلے باز نے انگلینڈ کے خلاف چار سو رنز بناکر تاریخ میں اپنا نام درج کرایا۔ اپنے وقت کے مایہ ناز بیٹسمین انضمام الحق نے یوٹیوپ چینل پر لارا کے بارے میں کہا کہ اس کے قائم کردہ ریکارڈز توڑنا بہت مشکل ہے۔

پانچ سو، 400 اور 375 رنز بنانے کا تو میں خواب ہی دیکھ سکتا ہوں۔لارا کو اس کی پراعتماد اور بہترین سکل نے ریکارڈ ساز بیٹسمین بنانے میں اہم کردار اداکیا،اسپنرز کو دیکھ کر لارا کی آنکھوں میں چمک سی آجاتی تھی،اس کے سامنے تمام اسپنرز بے بس دکھائی دیئے،شین وارن جیسے شاندار بولر کو بھی بڑی مہارت سے کھیلنے میں لارا کو کمال حاصل تھا۔لارا کے ریکارڈز کو توڑنے کا سوچا ہی جاسکتا ہے،جب لارا کا 375 رنز کا ہیڈن نے توڑا تو لارا نے کہا تھا کہ وہ اس سے زیادہ رنز بناکر دکھائیگا،یہ اس کی اعتماد ہی تھا جس نے اس کو ممکن بنایا، شارجہ میں پاکستان کے خلاف لارا نے 153رنزبناکرباآسانی میچ جیتنے میں کرداراداکیا،اس کی اننگز دیکھ کر ہم حیران تھے۔انضمام کیمطابق جب لارا نے پانچ سو رنز بنالیے تو میرے نزدیک اس کے بعدلارا کی اپروچ کم ہوگئی تھی، یہ نان سیریس ہوگیاتھا، اپنے ٹیلنٹ کے لحاظ سے یہ مزید ریکارڈ بناسکتا تھا۔ بہت کم بلے باز ایسے دیکھے ہیں جو اچھی بال پر بھی چوکا مارتے تھے۔ یہ بال کے مطابق نہیں بلکہ اپنے دل کے مطابق کھیلتے تھے۔

پشاور میں ارشد خان کی گیند بہت سپن ہورہا تھا لیکن لارا نے اس کو چار چوکے لگاتار رسید کیے۔ملتان کے ٹیسٹ میں یاد ہے کہ جب لارا نے سنچری بنالی تو دانش کنیریا کی ایک گگلی کو آگے بڑھ کر روک لیا، اس پر دانش نے اس کے پاس جاکر کہا کہ ویل پلیڈ برائن، جواب میں لارامسکرایا اور اگلے اوور میں اس نے دانش کے خلاف بائیس رنز بناڈالے،سنچری کے بعد ڈبل سنچری کے سفر کا تو پتہ ہی نہیں چلتا تھا۔

لارا ذہنی طورپر بہت مضبوط اور شاندار فٹ ورک کے مالک ہیں، دنیا میں بہت کم بلے باز ہیں جو لارا کی طرح فاسٹ بولرز اوراسپنرز کو میدان کے چاروں طرف شاٹس کھیلنے میں مہارت تھی۔ مجھے افسوس ہیکہ لارا جیسے بہترین بیٹسمین کوچنگ کی طرف کیوں نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں