اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مہنگے تیل اور مہنگی بجلی نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا، حکمرانوں کو عوام کی پرواہ نہیں، وزیر اعظم نے ایڈیٹ شدہ فون کالز کی ویڈیو سے قوم کا وقت ضائع کیا، چیئرمین نیب اپوزیشن پر ہر قسم کا الٹا سیدھا کیس بنانے پر بضد ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، مسلم لیگ ن نے حکومت چھوڑی تو تیل پر فی لٹر 15 روپے ٹیکس تھا،آج 40 روپے فی لٹر اضافی ٹیکس لیا جا رہا ہے، اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، حکومت کیا کر رہی ہے ؟
انہوںنے کہاکہ2 سال میں کونسی قیامت آئی کہ بجلی کے بل دوگنا ہوگئے ؟ جس ملک میں انصاف نہ رہے وہاں نظام چل نہیں سکتا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب عدالت میں پیشی کا تیسرا سال چل رہا ہے، نواز شریف کیخلاف حکومت کو کچھ نہیں ملا، چیئرمین نیب اپوزیشن کیخلاف ہر قسم کا کیس بنانے پر بضد ہیں۔