قصور (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو موسم گرمامیں اگائی جانیوالی سبزیوں کی کاشت مارچ میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور بتایا ہے کہ موسم گرماکی سبزیوں میں کریلہ‘گھیا کدو‘ کالی توری‘ بھنڈی توری‘ بینگن‘ٹماٹر‘سبزمرچ‘ شملہ مرچ‘تر اورکھیرااہم سبزیات ہیں جنہیں حکومت پنجاب کے کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت محکمہ زراعت کی جانب سے فراہم کئے جانیوالے بیجوں کے پیکٹس حاصل کرکے باآسانی کاشت کیاجاسکتاہے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت (توسیع)قصورمحمدنویدامجد نے بتایا کہ ان سبزیوں کی نشوونما کیلئے بہترین درجہ حرارت 20 سے 35ڈگری سینٹی گریڈ ہے جس سے زیادہ یا کم درجہ حرارت سبزیوں کی پیداوار پراثرانداز ہوتاہے۔انہوں نے بتایا کہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی زرخیززمین ہونی چاہئیے‘ موسم گرما کی سبزیوں کی ایسی اقسام کا انتخاب کرناچاہئیے جوکہ موسمی حالات کے مطابق اورکیڑے مکوڑوں اوربیماریوں کیخلاف قوت مدافعت رکھتی ہوں اور ان کے بیج کی شرح اگاؤ 80فیصد سے کم نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ ٹماٹراورمرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کی جائے اور جب پنیری کی عمر30سے 35دن ہوجائے تو اس پنیری کو پٹڑیوں پرسفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کریں۔انہوں نے بتایا کہ کریلا‘ گھیاکدو‘ چپن کدو‘گھیاتوری‘تراورکھیرا کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب جبکہ بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کے دونوں جانب کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔