بلاول بھٹو زرداری

موجودہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں ‘انہیں اب اپنا بوریا بستر گول کر لینا چاہئے’بلاول بھٹو زرداری

سیالکوٹ (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کو اب اپنا بوریا بستر گول کر لینا چاہئے کیونکہ ان کے دن گنے جا چکے ہیں اور نا اہل و سلیکٹیڈ وزیر اعظم عمران خان نیازی عوام کا ہمدرد نہیں بلکہ دشمن ہے اور اب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ایک ہی مشن ہے کہ موجودہ ظالم اور سفاک حکمرانوں سے مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی غریب عوام کو بچایا جائے جبکہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے کیونکہ مہنگائی, بیروزگاری و لا قانونیت نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے بلکہ موجودہ مہنگائی کے بے قابو جن نے سفید پوش طبقہ کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیپلز پارٹی سیالکوٹ کے راہنمائوں خواجہ اویس مشتاق ایڈووکیٹ، اظہر دیال ایڈووکیٹ،جاوید ہیپی بٹ، ماسٹر محمد شفیع،شکیل احمد علوی،میاں اشرف،شہباز خان،رشید احمد سندھو اور مقصود بٹ سے ایک پیغام کے ذریعے کیا۔

بلاول نے کہا کہ عوام اگر ہمارا ساتھ دیں گے تو ہم عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے کیونکہ طاقت کا سر چشمہ عوام ہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جمہوری جدوجہد کرنا ہمارا فرض ہے اور ہم اس فرض کر پورا کررہے ہیں اور یہی فرض میری والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو بھی اپنی جمہوری جدوجہد کے دوران کرتی رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم کسی پر الزام نہیں لگاتے لیکن ہمارا یہ الزام لگانا کسی کلمہ حق سے کم نہیں ہے کہ موجودہ حکومت الیکیٹڈ نہیں بلکہ سلیکٹیڈ ہے اور اب سلیکٹرز بھی پریشان ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نیازی عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام کے سامنے ایک ناکام اور نااہل حکمران کی شکل میں سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کی کامیابی سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور حکومت کو پتہ چل گیا ہے کہ عوام حکمرانوں کے ساتھ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کو کامیاب کروانے میں پپلز پارٹی کے عہدیداروں و کارکنوں نے جو کردار ادا کیا اس کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے عہدیدار و کارکن عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیں کیونکہ آ نے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں