شہباز شریف

منی لانڈرنگ ریفرنس،شہباز شریف نے اپنی کارکردگی سے متعلق کتابچہ عدالت کو دیدیا

لاہور (عکس آن لائن) منی لانڈرنگ، رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ریفرنسز میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایک بار پھر کمرہ عدالت میں اپنی خدمات کا ذکر کیا اور فاضل جج کواپنی کارکردگی پر مبنی کتابچہ بھی پیش کیا۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شیخ سجاد احمد نے ریفرنسز پر سماعت کی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے قوم کے اربوں روپے بچائے، بجلی کے منصوبے نواز شریف کی نگرانی میں لگائے، بجلی وافر اور سستی ترین تھی، یہ حقیر خدمت ہے اور ہم نے قوم کی خدمت کی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اپنی کارگردگی سے متعلق کتابچہ بھی فاضل جج کو پیش کیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے کارگردگی سے متعلق رپورٹ نیب کے تفتیشی کو دی ؟ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ بالکل سارا ریکارڈ نیب کو فراہم کیا تھا، میں یہاں کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا۔

احتساب عدالت نے تینوں ریفرنسز پر کارروائی 16 اگست تک ملتوی کر دی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت وفاقی کالونی کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور عام شہریوں کا داخلہ بند رکھا گیا۔ کینال روڈ پر ٹریفک کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لیگی رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا کہ تمام کیسز مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے کہنے پر بنائے گئے ہیں، ایک ایک کر کے عدالتی فیصلوں میں سرخرو ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں