احسن اقبال

ملک کی موجودہ لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار عمران خان ہیں، احسن اقبال

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار عمران خان ہیں، عمران خان کو اپنے گریبان میں دیکھنا چاہیے، حیران ہوں یہ شخص منہ سے کہتا ہے حکومت کے پاس تیاری نہیں تھی، خدانخواستہ اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی تو ملک میں انتشار اور ڈیفالٹ ہوتا۔احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ناروال اسپورٹ سٹی کیس میں پیش ہوا ہوں، پچھلے ڈیڑھ سال سے نیب گردی کے خلاف جدوجہد جاری ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ نیب گرفتاری سے لیکر آج تک یہ بتانے سے قاصر ہے میرا جرم کیا تھا؟ کل بھی اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوال کیا احسن اقبال کے خلاف کیس کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ نیب کو چیلنج کرتا ہوں ایک روپیے کی بھی کرپشن ثابت کریں، عمران خان اور شہزاد اکبر کے دور میں بھی چیلنج کیا تھا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ بتیس سو ارب میں سے بتیس روپیے کی بھی کرپشن ثابت کرو، ہم قومی جرم ہوں گے، ایک بھی مالی بدعنوانی کا مقدمہ قوم کے سامنے پیش نہیں کرسکے۔

انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی آئی اور عمران خان کی نحوست کی وجہ سے قوم بھگت رہی ہے، خان صاحب کو ٹرن ارونڈ کانفرنس دل پر لگی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آج لوڈشیڈنگ کا بحران موجودہ حکومت کا نہیں ہے، ہم نے نومبر دسمبر میں یہ بات کہی تھی کہ ائیندہ پاکستان میں گرمیوں کے موسم میں بدترین بحران پیدا ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی کے ٹینڈرز کو سیاست کی نظر کیا گیا، گیس خریدنے کے وقت نااہلی نالائقی کی گئی، ہماری حکومت سنھبالنے سے پہلے وزرات خزانہ اعلان کر چکی تھی کہ خزانہ خالی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ یہ موسم گرما پی ٹی آئی کی نالائقی کا موسم گرما ہے، ائیندہ موسم گرما کے لیے ہم پیش بندی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی پریشانی کو کم کرنے کے لیے دن رات کوشش کررہے ہیں، ملک کی موجودہ لوڈشیڈنگ کا زمہ دار عمران خان ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ یہ بنیادی حقیقت جس پر عمران خان کو اپنے گریبان میں دیکھنا چاہیے، حیران ہوں یہ شخص منہ سے کہتا ہے حکومت کے پاس تیاری نہیں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدانخواستہ اگر آج عمران خان کی حکومت ہوتی تو ملک میں انتشار اور ڈیفالٹ ہوتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں