اسلام آ باد (نمائندہ عکس) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے چار ماہ کی انتھک محنت سے معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے آڈیو لیکس کو پاکستان کی معیشت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کا ثبوت قرار دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک منظم سازش ہے جو عمران خان سے شروع ہوکر صوبائی وزیر خزانہ تک آتی ہے، یہ ٹولہ چار ماہ سے جاری محنت کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ خط کا صرف ایک مقصد تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام منظور نہ ہوسکے، یہ ملکی معیشت کو تباہ کرکے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی گھنانی سازش تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تمام سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا، پریس کانفرنس اور سیمینارز اب ہوں گے جن میں سازشی کرداروں کو جواب دینا پڑے گا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ شوکت ترین جیسے آدمی اس میں ملوث ہے جسے پاکستان نے بہت کچھ دیا، بڑے بڑے عہدے دئیے، شوکت ترین جیسے شخص نے جانتے بوجھتے ہوئے آئی ایم ایف پروگرام کو دھچکا پہنچا کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ آج آئی ایم ایف نے ساتویں اور آٹھویں جائزے کی منظوری دی ہے، آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ پروگرام بحال ہوگیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم نے چار ماہ کی انتھک محنت سے معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالا ہے، معاشی استحکام کا یہ عمل جاری رہے گا۔