معین خان

معین خان بڑے بھائی ندیم خان کو پی سی بی سے فارغ کرنے پر پھٹ پڑے

کراچی (عکس آن لائن)سابق کپتان معین خان اپنے بڑے بھائی ندیم خان کو کرکٹ بورڈ سیفارغ کرنے کے فیصلے پر پھٹ پڑے۔ایک انٹرویومیں معین خان نے وزیراعظم شہباز شریف سیکرکٹ بورڈ کے معاملات دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں کچھ افراد من مانیاں کرکے کرکٹ کو تباہ کر رہے ہیں۔معین خان نے نام لیے بغیر پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی میں شامل عہدیداران پر شدید تنقیدکی۔

سابق کپتان نے کہا کہ اگر میں نے منہ کھولا تو بہت سے لوگوں کے نام سامنے آئیں گے، ان لوگوں کی کرپشن کی کہانیاں پوری دنیا کو پتہ ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جو غیر قانونی طور پر بورڈ کے پیسوں سے اپنے گھر کے اخراجات چلاتے رہے، بورڈ میں بیٹھے جو لوگ ندیم خان پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں در اصل وہ خود کرپٹ ہیں، بورڈ میں کچھ لوگ ہمیشہ چور دروازے سے آتے ہیں، ان پر خود کرپشن کے الزامات ہیں۔

معین خان نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے بورڈ میں ایک لابی کراچی کے خلاف کام کر رہی ہے،کراچی سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز ہوں یا ایڈمنسٹریٹر ہوں لگتا ہے لابی ان کے خلاف کام کر رہی ہے، پی سی بی میں اس وقت ایک ٹولا موجود ہے جو ہمیشہ چور دروازے سے آتا ہے، نجم سیٹھی ان لوگوں سے جان چھڑائیں اور ایک سسٹم بنائیں۔خیال رہے کہ معین خان کے بڑے بھائی ندیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بھی رہ چکے تھے لیکن چند ہفتے قبل ان کی تنخواہ میں کمی کرکے ان کا تبادلہ ویمنز ونگ میں کردیا گیا تھا، پی سی بی نے 2 ہفتے قبل انہیں ملازمت سے فارغ کردیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں