کراچی(عکس آن لائن) نامور پاکستانی اداکارہ، ماڈل اور میزبان جگن کاظم نے کہا ہے کہ معاشرے میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کیونکہ والدین اپنی اولاد کو گھر بسانے کے بجائے طلاق کا مشورہ دیتے ہیں۔
حال ہی میں جگن کاظم نے پاکستان میک اپ انڈسٹری کی ممتاز شخصیت مسرت مصباح کو خصوصی انٹرویو دیا جس میں اداکارہ نے اپنی دوسری شادی اور طلاق کے حوالے سے بات کی۔جگن کاظم نے کہا کہ ”میرے لیے دوسری شادی کا فیصلہ کرنا بہت زیادہ مشکل تھا کیونکہ میں پہلے سے ایک بچے کی ماں تھی اور میں نہیں چاہتی تھی کہ میری شادی کی وجہ سے میرے بچے کا مستقبل خراب ہو”۔
اداکارہ نے کہا کہ ”جب میں نے دوسری شادی کا سوچا تو میں نے اپنے بیٹے کو فیصل (دوسرے شوہر) سے ملوایا اور اس بات کی تسلی کی کہ ہاں شادی کے بعد فیصل اور میرے بیٹے کے درمیان تعلقات اچھے رہیں گے”۔اْنہوں نے کہا کہ ”مجھے دوسری شادی کا فیصلہ کرنے میں تقریباََ 6 ماہ لگے کیونکہ مجھے اپنے بیٹے کو بھی اس بارے میں بتانا تھا اور میری دوسری شادی کے بعد آہستہ آہستہ تمام چیزیں ٹھیک ہوگئیں”۔