عبدالفتاح السیسی

مصر قومی سلامتی کو درپیش خطرات پر ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھا رہے گا،صدرالسیسی

قاہرہ (عکس آن لائن ) مصری صدرعبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ مصر اپنی اور لیبیا کی قومی سلامتی کو درپیش خطرات کے

پیش نظر ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھا رہے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مصری ایوانِ صدر نے ایک بیان میں کہا کہ قاہرہ میں لیبیا

کے قبائلی زعما نے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے اور انھیں اور مصری فوج کو لیبیا کی خود مختاری کے تحفظ کے

لیے دخل اندازی کی اپیل کی ۔مصری بیان کے مطابق انھوں نے صدر السیسی کو ملک میں فوجی مداخلت کا اختیاردے دیا ہے۔

یہ تمام قبائلی زعما لیبیا کے مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والے کمانڈر جنرل خلیفہ حفتر کے اتحادی ہیں۔ایوان صدر کے بیان کے

مطابق مصر جونہی لیبیا میں مداخلت کرے گا تو فوجی منظرنامہ فوری اور فیصلہ کن انداز میں تبدیل ہو کر رہ جائے گا۔صدر السیسی

نے کہا کہ ان کے ملک کو لیبیا میں مداخلت کا قانونی حق حاصل ہے اور انھوں نے فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا ہے تا کہ وقتِ

ضرورت فوجی مشن انجام دیے جاسکیں۔ان کا کہنا تھا کہ مصری ریاست کی جانب سے لیبیا میں کسی بھی براہ راست مداخلت

کے لیے عالمی قانونی جواز حاصل ہوگیا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ دوسرے ممالک کی حمایت یافتہ دہشت گرد ملیشیاں

اور شرپسند عناصر کی جانب سے مصر کو براہ راست دھمکیاں دی جارہی ہیں۔صدر السیسی نے کہا کہ مصر ہمیشہ سے لیبیا

میں مداخلت پر متردد رہا ہے لیکن اب صورت حال مختلف ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ مصری صدر نے جون میں لیبیا

میں جنگ بندی کے لیے ایک منصوبہ پیش کیا تھا لیکن اب تک اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں