وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں، وزیرِخارجہ

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کسی طرح کے امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں ،انتہا پسندی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے،نظریہ پاکستان کی حقیقی و واحد وارث پیپلز پارٹی ہے،شہید بینظیر نے اپنے دورِ حکومت میں اقلیتی امور قائم کی،پاکستان کی نئی ریاست میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہونگے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ غیرمسلم شہری بھی ملک کے برابر کے شہری ہیں، 1973ع کا آئین تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، جس کا سدباب بھی عالمی برادری کے فراخدلانہ و بے لوث تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔ وزیرِ خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان تمام شہریوں کو برابر سمجھتی ہے، آئین کی رو سے پاکستان میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر کسی طرح کے امتیازی سلوک کی کوئی گنجائش نہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ نظریہ پاکستان کی حقیقی و واحد وارث پاکستان پیپلز پارٹی ہے، نظریہ پاکستان کی اساس مذہبی آزادی، مساوات اور سماجی انصاف ہے۔

پی پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کو پارلیمنٹ، بیوروکریسی اور زندگی کے دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں نمائندگی کے لیے پی پی پی نے بے شمار بنیادی و نتیجہ خیز اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنے دورِ حکومت کے دوران وزارت برائے اقلیتی امور قائم کی، اس اقدام کا مقصد اقلیتوں کے مسائل کا جلد از جلد حل، ان کے حقوق کو تحفظ اور ترقی کی رفتار کو تیز کرنا تھا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سال 2009ع میں صدر آصف علی زرداری نے 11 اگست کو ہر سال بطور اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ 1947ع میں اسی دن قائداعظم نے اپنی مشہورِ زمانہ تقریر کی تھی، اس تقریر میں قائد نے کہا تھا کہ پاکستان کی نئی ریاست میں اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم غیر مسلموں کے متعلق قائداعظم کی تقریر کے ہر ایک لفظ پر قائم ہیں، پی پی پی قائداعظم کی سوچ و فکر کی روشنی میں پاکستان کو مساوات، پرامن، خوشحال اور ترقی پسند ملک بنانے کے لئے سرگرم عمل رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں