لائیو سٹاک

محکمہ لائیو سٹاک کا مویشی پال حضرات کواپنے جانوروں کوپرانی توڑی کو نئی آنیوالی توڑی کے ساتھ مکس کر کے دینے کا مشورہ

فیصل آباد (عکس آن لائن):محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے مویشی پال حضرات کواپنے جانوروں کو توڑی کھلاتے ہوئے پرانی توڑی کو نئی آنیوالی توڑی کے ساتھ مکس کر کے دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ نئی توڑی کی آمد شروع ہوچکی ہے لہذا جو فارمرز اور مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کو توڑی کھلاتے ہیں وہ پرانی توڑی تھوڑی مقدار میں بچا کر رکھیں اور اس کو نئی آنیوالی توڑی کے ساتھ مکس کر کے دیں کیونکہ ایک دم نئی توڑی شروع نہیں کرنی چاہیے۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا کہ ویسے تو کوئی بھی خوراک ایک دم سے تبدیل نہیں کی جانی چاہیے تاہم اگر فارمرز کسی کمپنی کا بھی ونڈہ استعمال کر رہے ہیں اور کمپنی بدلنا چاہتے ہیں تو بھی 5سے 7دن میں تبدیل کریں کیونکہ ونڈے کے اجزا کا تناسب مختلف کمپنیوں میں مختلف ہوتا ہے اور یہی احتیاط اکثر کمپنیوں کے ونڈے کی پیکنگ پر بھی لکھی ہوئی ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایاکہ گبھن جانوروں کو مزید کم مقدار سے شروع کریں اور نئی توڑی استعمال کریں.

تو کسی اچھی پروٹین والے چارے یا ونڈا سے مکس کر کے دیں نیزکم از کم 10سے 12دنوں میں پرانی سے مکمل طور پر نئی توڑی پر جانوروں کی خوراک تبدیل کریں۔انہوں نے بتایاکہ اگر جئی کھلا رہے ہیں تو لوسرن برسیم پر آہستہ آہستہ تبدیل کریں اسی طرح جئی،لوسرن اور برسیم وغیرہ سے جوار اور باجرہ بھی تھوڑا تھوڑا تبدیل کر کے ایک چیز کم کرتے جائیں اور دوسری بڑھاتے جائیں۔انہوں نے بتایاکہ محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کی طرف سے صوبہ بھر کے فارمرز اور مویشی پال حضرات کی رہنمائی کیلئے نئی ویب سائٹ کا اجرا کر تے ہوئےhttps://livestock.punjab.gov.pk/ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کے مویشی پال حضرات کو جانوروں کی بیماریوں و ان کے تدارک اور ویکسی نیشن کے بارے میں مفید رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں