کماد

محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو فروری کاشتہ کماد کی مارچ و اپریل میں 20سے 30دن کے وقفہ سے آبپاشی کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)محکمہ زراعت نے فروری کاشتہ کماد کی آبپاشی کاشیڈول جاری کردیاہے اور مارچ و اپریل میں 20سے 30دن کے وقفہ سے 2سے 3مرتبہ آبپاشی کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادخالد اقبال نے کہاکہ کاشتکار موسم کے لحاظ سے آبپاشی میں کسی تساہل کامظاہرہ نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کماد کی آبپاشی کی ضرورت بھی پڑتی جاتی ہے لہذا مئی اور جون میں اسے 10سے 12دن کے وقفہ سے 5سے 6 مرتبہ آبپاشی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ جو کاشتکار کسی وجہ سے فروری میں کماد کاشت نہیں کرسکے وہ رواں ہفتہ کے دوران کماد کی بہاریہ کاشت مکمل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کیلئے 100سے 120من بیج فی ایکڑ استعمال کریں جبکہ بیج کی کاشت کے دوران منظور شدہ اقسام کو ہی ترجیح دی جائے اور غیر منظورشدہ اقسام کی کاشت سے اجتناب کیاجائے تاکہ بعد ازاں انہیں کسی دشواری کاسامنا نہ کرناپڑے۔ انہوں نے کہاکہ کاشت سے پہلے بیج کوکسی پھپھوندی کش دوائی کے محلول میں 3 سے5منٹ تک بھگونے سے جہاں کماد کی فصل بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہے وہیں اس کی بڑھوتری بھی متاثر نہیں ہوتی۔

انہوں نے بوائی کے وقت درمیانی ذرخیز زمین میں 2 بوری ڈی اے پی اور 2 بوری پوٹاشیم سلفیٹ بھی ڈالنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار گہری کھیلیوں میں کاشت اور کھادوں کے متناسب استعمال کابھی خیال رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیلیوں میں کاشت سے جہاں 50فیصدتک پانی کی بچت ہوتی ہے وہیں فصل گرنے سے محفوظ اور اضافی پیداوار کی بھی ضامن ہوتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں