ڈالر

مالی سال 2022 کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ

کراچی (عکس آن لائن) مالی سال 2022 کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 30 جون 2022 کو ڈالر 204 روپے 85 پیسے پر بند ہوا جبکہ 30 جون 2021 کو ڈالر 157 روپے 54 پیسے پر بند ہوا تھا۔مالی سال کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 47 روپے 31 پیسے بڑھ گیا ہے جبکہ 22جون 2022 کو ڈالر 211 روپے 93 پیسے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب رواں مالی سال کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 29.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔گذشتہ روز 30 جون 2022 کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 205 روپے پر بند ہوا تھا جبکہ 30 جون 2021 کو ڈالر 158 روپے پر بند ہوا تھا۔مالی سال 2022 کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر 47 روپے بڑھ چکا ہے جبکہ 22 جون 2022 کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 215 روپے کی بلند ترین سطح پر فروخت ہوا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دن کے آغاز سے ہی ڈالر کی بے قدری کا سلسلہ جاری تھا اور روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں 27 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔گذشتہ 7 دنوں کے دوران ڈالر کی قیمت میں 7 روپے تک کمی ہوئی ہے، 2 جون 2022 کو امریکی ڈالر کی قیمت انٹربینک میں 211.93 روپے کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی تھی۔اس حوالے سے عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے سے قرض کے حوالے سے مثبت خبروں کے بعد روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں