بلاول بھٹو زر داری

مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے،بلاول بھٹو زر داری

اسلام آباد (عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے بیان میں کہاکہ مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کم آمدنی والے گھرانے کے لئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے، کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک کے اضافے کے بعد عام آدمی عید کیلئے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے۔

انہوںنے کہاکہ گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کے اضافے کا مطلب عام آدمی کو خدانخواستہ سڑک پر لانے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کا اضافہ عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عام آدمی آخر کہاں جائے کہ ملک میں صرف کھانے پینے کی اشیا 15.9 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وزیراعظم صاحب، مدینے کی ریاست میں روزے دار پھلوں کی قیمتوں میں 25.2 فیصد اضافے کے بعد فروٹ چاٹ بناتے ہوئے اپنی جیب دیکھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ صرف ٹماٹر کی قیمتوں میں 67 فیصد تک ہوشربا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میں عوام پس رہے ہیں اور عمران خان کے سرمایہ دار دوست مہنگائی کرکے پیسہ بنارہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے ملک میں بدترین مہنگائی کے دنوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ سندھ کے چھ لاکھ رجسٹرڈ صنعتی مزدوروں کو پہلے مرحلے میں بے نظیر مزدور کارڈ کے اجرا سے مہنگائی کے دنوں میں لاکھوں خاندانوں کی زندگی آسان بنائیں گی۔

انہوںنے کہاکہ غیررجسٹرڈ صنعتی مزدوروں جبکہ زرعی مزدوروں سمیت سندھ کے تمام محنت کشوں کو دوسرے مرحلوں میں بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا ہوگا،اس بدترین مہنگائی میں سندھ کے تمام محنت کشوں کو بیماری کے دوران بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے میڈیکل گرانٹ مہیا کی جائے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ محنت کشوں کو اپنے بچوں کے تعلیمی اخراجات اور شادی کے لئے بھی اس مہنگائی کے دور میں بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے گرانٹ دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ روٹی اور کپڑا ہی نہیں بلکہ مکان کا وعدہ پورا کرنے کیلئے بھی بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے رہائشی اسکیموں میں خصوصی رعایت ملے گی۔

انہوںنے کہاکہ اگر کوئی محنت کش خدانخواستہ کسی حادثے میں معذور ہوجائے تو اسے بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے گریجویٹی اور تاحیات پنشن ملے گی۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی محنت کش خدانخواستہ کسی حادثے میں انتقال کرجائے تو بے نظیر مزدور کارڈ کے ذریعے بیوہ کو عدت گزارنے کی رقم کے علاوہ لواحقین کی امداد ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ بیماری سنگین ہونے کی صورت میں سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن میں رجسٹرڈ مزدوروں کا علاج نجی اسپتالوں میں کرایا جائے گا، پاکستان پیپلزپارٹی وفاق میں اقتدار میں آکر پورے پاکستان کے محنت کشوں کے لئے بے نظیر مزدور کارڈ کا اجرا کرے گی۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے محنت کشوں کی جماعت ہے، ہم عوام اور مزدوروں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے، ملک کی کسی فیکٹری، کسی کمپنی اور کسی کھیت میں کام کرنے والے محنت کش کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی وفاق میں حکومت بناکر عوام دشمن اقدامات کا خاتمہ کرے گی تاکہ عام آدمی کو سستی اشیا مہیا ہوسکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں