لاہور(عکس آن لائن ) شاہدرہ موڑ کے قریب ایل پی جی ٹینکر لیک ہونے سے آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی پیٹرول پمپ اور پارکنگ سٹینڈ کو لپیٹ میں لے لیا۔ خاتون اور ٹریفک وارڈن سمیت 10 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
شاہدرہ موڑ کے قریب ایل پی جی ٹینکر لیک ہوگیا اور گیس قریبی علاقے تک پھیل گئی۔ ٹینکر میں اچانک آگ لگنے سے زور دار دھماکے ہوئے، آگ نے قریبی پٹرول پمپ اور پارکنگ سٹینڈ کو لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کے باعث 160 سے زائد گاڑیاں، بسیں، ویگنیں، موٹر سائیکلیں اور رکشے جل گئے۔ آگ لگنے کے بعد دور دور تک آسمان پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
پاک فوج اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو سیل کر دیا جبکہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے 2 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر میں گیس لیکیج کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ ایس ایس پی ا?پریشنز محمد نوید نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور کہا لاک ڈاون کی وجہ سے رش کم ہونے پر نقصان زیادہ نہیں ہوا۔ پولیس نے فرار ہونے والے ٹینکر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔