نیویارک (عکس آن لائن)ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہْک نے بتایاہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی عن قریب امریکی مفادات پرحملوں کی منصوبہ بندی کرنے والے تھے۔
عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ہک نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سلیمانی کو میدان جنگ سے ہٹا دیا اور یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سلیمانی اقوام متحدہ کی سفری پابندی کی فہرست میں شامل تھے۔یمن میں سلیمانی کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے برائن ہْک نے کہا کہ ایرانی جنرل نے یمن میں شدید دشواری پیدا کرنے کی کوشش کی اور حوثیوں کو سعودی عرب پر حملوں کیلئے اسلحہ فراہم کیا۔امریکی ایلچی نے دعویٰ کیا کہ مقتول قاسم سلیمانی نے یمن، شام، عراق اور لبنان میں حملے شروع کرنے کیلئے مقامی ایران نواز قوتوں کی مدد کی۔