لاہور(ہیلتھ رپورٹر)عید کی تعطیلات کے دوران صوبہ پنجاب میں گیسٹرو اور معدے کی تکالیف کے مریضوں میں اضافہ ہوگیا، سرکاری و نجی اسپتال مریضوں سے بھر گئے، نجی ٹی وی کے مطابق عید کے 3روز گیسٹرو اور معدے کی تکلیف کے سبب شہریوں کی بڑی تعداد کو سرکاری و نجی اسپتالوں کا رخ کرنا پڑا،
لاہور کے 7 سرکاری اسپتالوں میں فوڈ پوائزننگ کے 10 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے، ذرائع محکمہ صحت کے مطابق السر، انتڑیوں میں انفکیشن، معدے کی تکالیف اور ڈائریا کے مریض بھی اسپتال پہنچے، مختلف اسپتالوں میں گیسٹرو، ہائی بلڈ پریشر اور بدہضمی کی وجہ سے بھی سینکڑوں مریض داخل ہوئے،میو اور سروسز اسپتال میں 800 سے زائد، جناح اسپتال اور جنرل اسپتال میں 600 سے زائد اور گنگا رام اسپتال اور شاہدرہ اسپتال میں 500 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے،طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ گوشت اور مصالحہ جات کے استعمال سے ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔