حماد اظہر

عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئندہ ہفتہ ایک اور پیکیج کا اعلان کریں گے، حماد اظہر

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ گزشتہ حکومتوں کے دوران توانائی کے مہنگے منصوبے ہیں، جب معیشت سنبھالی تو ملک ڈیفالٹ کی سطح پر پہنچ چکا تھا، معیشت کو آئی سی یو سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کئے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں ، مہنگائی میں اضافے کو احساس ہے، آئندہ مالی سال میں ملک کو بلند معاشی ترقی کی راہ پر لے جائیں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے آئندہ ہفتہ ایک اور پیکیج کا اعلان کریں گے، دھرنے کا طعنہ دینے والے لیڈر دوسروں کے کنٹینر پر چڑھ کر سیلفیاں بناتے رہے۔منگل کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں ملک کی اقتصادی حالت پر تحریک میں بحث میں حصہ لیتے ہوئے کیا۔

اس دوران وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں۔ حماد اظہر نے کہا کہ ملکی خسارے ہم پورے کر رہے ہیں، 2018 میں مارچ میں آئی ایم ایف کی رپورٹ آئی ، ملکی معیشت کا بیڑہ ن لیگ کے دور میں غرق کیاگیا۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بجلی گیس کے بحرانوں کی وجہ ن لیگی دور کے غیرمستحکم منصوبے تھے، ن لیگ دور میں معیشت اچھی جا رہی تھی تو آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جولائی سے اب تک فارن ریزرو میں 50 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال دسمبر تک گردشی قرضے ختم کرنے ہیں، حکومت کے لیے بجلی کے بل بڑھانے کا فیصلہ مشکل ہوتا ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مشکل فیصلے کوئی بھی حکومت خوشی سے نہیں کرتی، معیشت پر بات ہوتی ہے اور ہمیں احساس ہے مہنگائی میں اضافہ ہوا، اس میں کوئی شک نہیں کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ کوئی مجبوری ہوتی ہے جس کے تحت مشکل فیصلے کیے جاتے ہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خسارے ہم پورے کر رہے ہیں،کرنٹ اکانٹ کا خسارہ آج 84فیصد سے نیچے آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو آئی سی یو سے نکالا ہے، کرنسی بہت زیادہ دبا میں تھی، پی ٹی آئی نے روپے کو ڈی ویلیو نہیں کیا،پاکستان 3.6 ارب ڈالر واپس کرچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں