وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ

عوام کو آٹے اور گندم کی بلاتعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،وزیر داخلہ

پشاور (عکس آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے متعلقہ اداروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت کو فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت ہوئے خبردار کیا ہے کہ مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، صوبائی حکومت مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرے۔

منگل کو یہاں کیبنٹ روم میں گندم، چینی، آٹا، کھاد کی سمگلنگ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ ظفر حسن، سیکرٹری خوراک عابد وزیر اور پنجاب کے سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو کو ہدایت کی کہ وہ بغیرکسی تاخیر کے اس مسئلے کو حل کریں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے کہا کہ وہ مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی بلا تعطل فراہمی کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرے۔وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق عوام کو آٹے اور گندم کی بلاتعطل فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،کے پی حکومت فوری طور پر پاسکو سے 100,000 میٹرک ٹن گندم کا سٹاک لے۔

انہوں نے پولیس کو مزید ہدایت کی کہ پنجاب سے کے پی کو گھریلو مقصد کیلئے آٹے کی سپلائی بند نہ کی جائے۔قبل ازیں چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری داخلہ خیبرپختونخوا عابد مجید اور کے پی کے آئی جی پی اختر حیات خان نے وزیر داخلہ کو صوبے میں آٹے، گندم، چینی اور کھاد کی دستیابی اور اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔کے پی کے چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے وزیر داخلہ کو کے پی کے گندم کوٹہ کی کمی کے بارے میں بتایا اور صوبے کی موجودہ مانگ کو پورا کرنے کے لیے کوٹہ میں اضافے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کے پی میں موجودہ گندم اور آٹے کی قلت کو پنجاب حکومت کے تعاون کے بغیر پورا نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر داخلہ نے سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں آٹے اور گندم کی قلت کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔وفاقی سیکرٹری برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ ظفر حسن، سیکرٹری خوراک خیبر پختونخوا عابد وزیر اور پنجاب کے سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں