شاہدہ منی

عوام سے اپیل ہے کورونا کی تیسری لہر کو سنجیدگی سے لیں ‘ شاہدہ منی

لاہور( عکس آن لائن)میلوڈی کوئین شاہدہ منی نے کہا ہے کہ کورونا وباء کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے اس لئے عوام سے اپیل ہے کہ اسے سنجیدگی سے لیں ، کورونا ویکسی نیشن لازمی کرائی جائے کیونکہ اس کے ذریعے ہی ہم اس پر قابو پا سکتے ہیں، صاحب ثروت شخصیات رمضان المبارک میں کمزور طبقات کا سہارا بنیں۔ ایک انٹر ویو میں شاہدہ منی نے کہا کہ آج بھی کچھ لوگ کورونا کو سنجیدگی سے لینے کیلئے تیار نہیں جو انتہائی تشویشناک امر ہے ، کورونا وباء ایک حقیقت ہے اور اس سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کے مرتب کردہ ایس او پیز پر عمل کر کے نہ صرف اپنی ، اپنے اہل خانہ بلکہ دوسرے لوگوں کو بھی محفوظ رکھیں ۔ کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے منفی افواہوں پر کان نہ دھریں اور حکومت جس ترتیب سے ویکسی نیشن کا کہہ رہی ہے اس کے مطابق اپنا اندراج کرایا جائے ۔شاہدہ منی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کورونا وباء میں معاشی مشکلات بھی بڑھی ہیں خاص طو رپر کمزور طبقات کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہو گیا ، میری صاحب ثروت شخصیات سے اپیل ہے کہ وہ ایسے مشکل وقت میں ان لوگوں کا سہارا بنیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں