خواجہ محمد آصف

عمران خان کے بیان سے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو جان کا خطرہ ہوسکتا ہے ،خواجہ آصف

سیالکوٹ ( عکس آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے بیان سے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کو جان کا خطرہ ہوسکتا ہے،بہت سے پینترے بدلنے والے عمران خان نے آصف زر داری پر الزام لگا کر نیا پتہ کھیلا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ،عمران خان کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ،ملک میں کوئی سانحہ ہواتوذمہ دارعمران خان ہوں گے،پی ٹی آئی کو آوازیں دیتے رہے اسمبلی میں آجائو ، جب استعفے منظور ہوئے تو اسمبلی میں واپس آنے کیلئے بھاگے ،سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کیخلاف جھوٹے مقدمات نہیں کرنے چاہئیں، ہماری سیاست میں اس قسم کے واقعات پہلے ہوئے نہ آئندہ ہوں گے، اداروں کیخلاف بات کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا،

جن لوگوں کا آئین پر یقین ہو وہ ادھر ادھر خطوط نہیں لکھتے، قومی معاملات پارلیمنٹ میں طے ہوں گے۔ اتوار کویہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بہت سے پینترے بدلے ہیں، گزشتہ روز اس نے آصف زرداری پر بڑا الزام لگایا ہے، اور یہ الزام لگا کر نیا پتہ کھیلا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیر دفاع نے کہاکہ عمران خان نے سیاست کے رخ کو موڑنے کی کوشش کی ہے، ان کے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں ہے تاہم اس بیان سے پی پی کی قیادت کو جان کا خطرہ ہوسکتا ہے، عمران خان نے بہت سے کارڈز کھیلے ہیں لیکن اس نے اب جو کارڈ کھیلا ہے خدانخواستہ اس سے خدا نخواستہ ملک میں خون خرابہ ہوسکتا ہے،

ملک میں کوئی سانحہ ہواتوذمہ دارعمران خان ہوں گے۔وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان کا مقصد ہے سیاست میں خون خرابہ ہو، پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، اور ہمیشہ جمہوریت کا راستہ اپنایا ہے۔انہوںنے کہاکہ بینظیر بھٹو نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جان دی، اتنے بڑے سانحہ کے باوجود پیپلزپارٹی نے تشدد کا راستہ نہ اپنایا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان ہیں، بنی گالا سے پارلیمنٹ آنے جانے میں 96 کروڑ روپے خرچ کردیئے گئے، ان کا الزام امریکا سے شروع ہوکر محسن نقوی پر آگیا، پی ٹی آئی کے دور میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں رکھا گیا۔

وزیر ڈفاع نے کہا کہ مجھ پر آرٹیکل 6 بغاوت کا مقدمہ بنایا گیا تھا، اور اس مقدمے کی منظوری کابینہ نے دی تھی، سیاسی جماعتوں کو ایک دوسرے کیخلاف جھوٹے مقدمات نہیں کرنے چاہئیں، ہماری سیاست میں اس قسم کے واقعات پہلے ہوئے نہ آئندہ ہوں گے۔وزیردفاع نے کہاکہ پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں، اب یہ عدالتوں میں جا رہے ہیں، اس وقت انہوں نے کہا ہم چوروں کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتے، ہم آوازیں دیتے رہے کہ اسمبلی آجاؤ، اب جب استعفے منظور ہونا شروع ہوئے تو اسمبلی میں واپس آرہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قانون کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہونا چاہیے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اب فواد چوہدری کے حوالے سے بھی سیاسی کارروائی کا کہا جا رہا ہے،

اپنا ماضی سامنے رکھ کر رونا دھونا کریں، اداروں کیخلاف بات کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ قانون حرکت میں آتا ہے تو کہتے ہیں انتقامی کارروائی ہورہی ہے، کوئی حربہ کام نہیں آیا تو فوج کو آوازیں دے رہے ہیں، عارف علوی سے کہتا ہے کہ میری ملاقاتیں کروائیں، گزشتہ ورز انہوں نے سپریم کورٹ اور آرمی چیف کو بھی خط لکھا ہے، جن لوگوں کا آئین پر یقین ہو وہ ادھر ادھر خطوط نہیں لکھتے، قومی معاملات پارلیمنٹ میں طے ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ میں جیل گیا تو نہ کھانا اور نہ بستر ملا، میں ریمانڈ کے لئے عدالت آیا تاہم رونا دھونا نہیں ڈالا، ان کے ساتھ تو کچھ نہیں ہوا، انہیں سہولتیں میسر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں