عمران خان

عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور

اسلام آ باد (کورٹ رپورٹر ) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ اتوار کو چھٹی کے روز ایک بار پھر کھل گیا۔ صبح ہوتے ہی ڈائری برانچ کا عملہ بھی عدالت پہنچا۔ اس موقع پر ڈائری برانچ کے اسسٹنٹ رجسٹرار اسد خان بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اتوار دو اکتوبر کو وکیل بابر اعوان کے ذریعے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ میرے(عمران خان )کے خلاف مقدمے کا مقصد ہی میری گرفتاری ہے۔

مجھے گرفتار کر کے میری پرامن جدوجہد روکنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ دائر درخواست میں عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت سے کیس منتقل ہونے پر ضمانت بھی مسترد ہوگئی۔ تاہم سیاسی مخالف حکومت نے بدنیتی کے تحت مذموم مقاصد کیلئے جھوٹا مقدمہ بنایا۔ عمران خان کی دائر درخواست ضمانت پر سماعت کے لیے اتوار کو ہی بینچ تشکیل دے دیا گیا، جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی درخواست پر اِن چیمبر سماعت ہوئی۔جسٹس اختر کیانی نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرتے ہوئے عمران خان کو دس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے اور متعلقہ عدالت میں 7 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں