محمد جاوید

عالمی برادری اور بالخصوص عرب دنیا خاموشی توڑ کر اس گھنائونے واقعے کا نوٹس لیں ‘محمد جاوید

لاہور (عکس آن لائن )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے بیت المقدس میں نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی ظلم و بریت شرمناک اقدام ہے۔

عالمی برادری اور بالخصوص عرب ممالک خاموشی ختم کرکے اس گھنائونی حرکت کا نوٹس لیں۔ پاکستان کے غیور عوام اپنے فلسطیی اور کشمیری بھائیوں کی ہمیشہ حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔ ثابت ہوگیا ہے کہ دنیا میں سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ اور اس کا بغل بچہ اسرائیل ہے۔ دنیا میں ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے ان کے ساتھ ملتے ہیں ۔حکومت پاکستان اس حوالے سے اوآئی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے ۔ مسلمانوں کے تحفظ کے حوالے سے عرب دنیا اس دینی فریضہ پر متحد ہو۔ امت مسلمہ کی بے حسی کا فائدہ یہود و نصاریٰ اٹھارہے ہیں ۔

ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو اس حوالے سے اپناذمہ دارنہ کردار اداکرے۔ قبلہ اول کی حفاظت ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے۔ اس حوالے سے رو گردانی ممکن نہیں۔ یہود بیت المقدس سے اسلامی ثقافتی اور تاریخی نقوش مٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبر دار ممالک ،این جی اوز اور دیگر ادارے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق میں بات کرنے کو تیار نہیں۔ دنیا کو مسلمانوں کے حوالے سے دوہرے معیار تبدیل کرنے ہوںگے۔ مسلمانوں کے قتل عام پر امریکہ ہی اسرائیل اور بھارت کی سرپرستی کررہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں