ابو ظہبی (عکس آن لائن)پاکستانی وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے طالبان پر افغان امن عمل سے وابستہ رہنے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ طالبان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں ، پاکستان انہیں آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو دیتے ہوئے وزیرِخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ طالبان اپنے فیصلے خود کرتے ہیں لیکن پاکستان انہیں آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل کا حصہ بنے رہنے میں طالبان کا قومی مفاد ہے، طالبان غیر ملکی افواج کے انخلاء کے اپنے مقصد میں بڑی حد تک کامیاب ہوچکے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلاء ہو گا جس کیلئے ایک تاریخ دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی فوجیوں کے انخلاء کا عمل رواں برس یکم مئی سے 11 ستمبر تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر امن عمل تعطل کا شکار رہا تو افغانستان میں تشدد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔وزیرِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ اپنی ڈھائی ہزار کلو میٹر طویل سرحد پر 90 فیصد باڑ کا کام مکمل کر لیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاک افغان سرحد پر باڑ کا کام رواں برس ستمبر تک مکمل ہو جائے گا۔