صحافی اطہر متین قتل

صحافی اطہر متین قتل کیس میں اہم پیش رفت، ملزم سے برآمد پستول اورخول میچ کرگئے

کراچی (کرائم رپورٹر ) سینئر صحافی اطہر متین قتل کیس میں ملزم کی نشاندہی پربرآمد پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والے خول میچ کرگئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی تفتیشی ٹیم نے تفتیش مکمل کرکے عبوری چالان منتظم عدالت میں پیش کردیا جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے۔ پولیس نے چالان میں نقصان پہنچانے کی دفعہ کا اضافہ کیا ہے۔ پولیس کے عبوری چالان کے مطابق سینیئرصحافی اطہرمتین کے قتل میں ملوث ملزم اشرف بنگلزئی کو منگھوپیر پولیس نے گرفتار کیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران صحافی اطہر متین پر فائرنگ کا اعتراف کیا۔

عبوری چالان میں بتایا گیا کہ نارتھ ناظم آباد پولیس نے ملزم کو قتل کے مقدمے میں گرفتار کیا۔ ملزم کا ساتھی انور قمبر شہدادکوٹ پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔ مقامی عدالت میں واقعے کے تین عینی شاہدین نے ملزم کو شناخت کیا۔ تفتیشی ٹیم کے چالان میں کہا گیا کہ واقعے میں استعمال ہونے والا پستول ملزم نے نارتھ ناظم آباد بلاک سی میں جھاڑیوں میں پھینکا تھا۔ ملزم کی نشاندہی پرپستول برآمد کرکے فرانزک کے لیے بھیجا۔ فرانزک رپورٹ میں پستول اور موقعے سے ملنے والے خول میچ کرگئے۔ عبوری چالان کے مطابق ہلاک ملزم انور کی تصویر کو بھی عینی شاہدین نے شناخت کیا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ہلاک ملزم انور موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔ مقتول صحافی اطہر متین کی گاڑی اور یو ایس بی کی فرانزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوسکی ہیں۔ منتظم عدالت نے مقدمہ حتمی چالان کی منظوری اور ٹرائل کے لیے جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بھیج دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں