اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے ملکہ برطانیہ کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا شہزادہ فلپ کی موت پر شاہی خاندان اور برطانیہ کے لوگوں سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکائونٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ڈیوک آف ایڈن برگ عزت مآب شہزادہ فلپ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ برطانیہ ایک ایسے زیرک بزرگ سے محروم ہوگیا ہے جو غیر معمولی طور پر عوامی خدمت سے سرشار روح کے حامل تھے۔
اْنہوں نے باہمی تعلقات کے لیے شہزادہ فلپ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔دوسری جانب صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی شہزادہ فلپ کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کی وفات پر بہت رنج ہوا، اْن کی وفات سے پاکستان نے ایک مخلص دوست کھو دیا۔صدر پاکستان نے کہا کہ دْکھ کی اِس گھڑی میں ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں ملکہ برطانیہ، شاہی خاندان اور برطانوی عوام کے ساتھ ہیں۔