لاہور(عکس آن لائن) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے ادارے کے قانونی مشیروں پر زور دیاہے کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے مکمل تیاری اور محنت کے ساتھ زیر سماعت مقدمات کی پیروی کر کے ان کے جلد از جلد فیصلے کی راہ ہموار کریں۔عدالتوں میں ایل ڈی اے کا موقف گہرے مطالعے اور دلائل کے ساتھ پیش کریں،اپنے فرائض خلوص نیت،ایمانداری،وفاداری،کمٹمنٹ اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ضروری اور لاحاصل قانونی چارہ جوئی سے گریز کیا جائے۔وقت اور وسائل کے ضیاع سے اجتناب کیا جائے اور پوری توجہ کے ساتھ ساتھ ایل ڈی اے کے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔وہ لیگل ایڈوائزرز کی کارکردگی اور انہیں درپیش مسائل کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں ڈائریکٹر لاء سید عامر حسن‘عبد الرزاق اور فرحانہ ممتاز کے علاوہ ادارے کے قانونی مشیروں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ متعلقہ ڈائریکٹوریٹس اپنے جوابات جلد از جلد لاڈائریکٹوریٹ کو ارسال کریں تاکہ عدالتی مقدمات کے جوابات جلد از جلد تیار کرکے داخل کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی موثر طور پر پیروی کرنے کے لیے لاء ڈائریکٹوریٹ ایل ڈی اے کے جاری کردہ ایس او پی پر عمل درآمد کیاجائے۔جس کے تحت لیگل ایڈوائزر اور ایڈیشنل لیگل ایڈوائزر سمیت مختلف عہدوں پر فائز افسروں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز،ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ڈائریکٹرز کے فرائض اور ذمہ داریوں کا تعین کر دیاگیا ہے۔
عدالتی کیسوں کے پیرا وائز کمنٹس اور جوابات تیار کرنے کے لیے مدت مقرر کر دی گئی ہے۔تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایس او پی پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ عدالتوں میں زیر سماعت ایل ڈی اے سے متعلقہ مقدمات کی موثر پیروی کے لیے ادارے میں لیگل مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے۔اس موقع پر ایل ڈی اے کی طرف سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی کے لئے مقرر کئے گئے بیرسٹر خرم رضا اور چوہدری وسیم احمد بھدر، ہائی کورٹ کے لئے مقرر کئے جانے والے قانونی مشیر سید مہدی علی بخاری اور سول کورٹس میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی کرنے والے وکلاءبھی موجود تھے۔