آرمی چیف

شہداء ماتھے کا جھومر ‘انکی یاد گاروں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیں گے‘آرمی چیف

راولپنڈی(عکس آن لائن)چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں کسی کو انکی یاد گاروں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دیں گے ، 9 مئی کے تاریک دن پرقوم کے لیے شرمندگی لانے والے ذمہ داروں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گریژن کا دورہ کیا اور شہدا کی یادگار پر پھول رکھے۔آرمی چیف نے قوم کی عظمت، عزت اور وقار کیلئے شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھاکہ کسی کو شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائےگی اور شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستانی عوام کیلئے فخر کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی سے کیے گئے حالیہ المناک واقعات کی دوبارہ اجازت نہیں دی جائے گی، پاکستانی عوام کے دلوں میں شہداکا عظیم مقام ہمیشہ قائم رہے گا، شہدا افواج پاکستان کی رینک اینڈ فائل کیلئے فخر کا باعث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلح افواج تمام شہدا اور ان کے اہلخانہ کو ہمیشہ مقدم رکھتے ہیں، مستقل طور پرشہدا کی عظیم قربانیوں کو انتہائی عزت اور وقار سے دیکھتے ہیں۔آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنزکی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں