شہباز شریف

شہبازشریف کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی شہادت پر اظہار افسوس

لاہور (عکس آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ روز میں 14 کشمیریوں کاقابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ریاستی دہشت گردی کے تحت قتل قابل مذمت ہے ،اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے ۔

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا قابض بھارتی افواج کورونا کی وباءکے اس ماحول کو کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے استعمال کررہے ہیں ،سلامتی کونسل کی قراردادوں، جینیوا کنونشن اور تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کی زمین بھی ہتھیائی جارہی ہے ،عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے لئے اپنی انسانی ذمہ داریاں پوری کرے۔

انہوں نے کہا مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہارکرتے ہیں ان کی آزادی تک ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے ، بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہونے والے نوجوانوں اور دیگر شہداءکے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں ، اللہ تعالی شہداءکو جنت الفردوس میں درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل اور اجراعظیم دے۔ آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں