شہباز شریف

شریف خاندان کا جینا مرنا قوم کے ساتھ ہے، شہباز شریف

اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدرقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کے علاج کی غرض سے ان کے ساتھ لندن گیا تھا لیکن نواز شریف کے دل کا علاج ابھی ہونا ہے، ہم دعا گو ہیں کہ نواز شریف جلدصحت یاب ہوں، ملک میں کورونا وبا کے خلاف عوام کے ساتھ مل کرمقابلہ کریں گے، میرا، نواز شریف کا اور ہمارے پورے خاندان کا جینا مرنا قوم کے ساتھ ہے،نواز شریف کا پیغام ہے کہ پوری قوم متحد رہے، اللہ جلد ملک کو اس مشکل سے نکالے گا۔

قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وطن واپس پہنچا ہوں، میاں نواز شریف کی طبعیت خراب تھی وہاں اس لیے ٹہرا تھا کہ میاں نواز شریف کا دل کا آپریشن ابھی ہونا باقی ہے، ان کے معالج چھٹی پر تھے اب آگئے ہیں اللہ تعالی سے دعا ہے انھیں صحت دیں۔صدر ن لیگ نے کہا کہ پاکستان اور قوم بڑے امتحان سے گز ر رہی ہے، ائیراسپیس بند ہوئی تو میاں نواز شریف نے کہا کہ آپ پاکستان جائیں، میاں نواز شریف کی مشاورت سے بطور ایک رضاکار واپس آیا ہوں، نواز شریف کے علاج کی غرض سے ساتھ گیا تھا اور نوازشریف کی قیادت میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آزمائش کے وقت قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، کرونا وائرس کی وبا جس کو آفت کہوں گا قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے،

اللہ تعالی کی مہربانی سے پوری قوم متحد ہے، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا میرا اور ہمارے خاندان کا مرنا جینا اس ملک کے ساتھ ہے اور میاں نواز شریف کا بھی یہی پیغام ہے کہ قوم متحد رہے، انشا اللہ اللہ تعالی اس آزمائش سے نکال دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی لیڈر شپ میں ماضی میں بھی ہم نے ایک ٹیم کے طور ہر کام کیا، اللہ کا شکر ہے اس نے کامیابیاں دیں اب بھی پارٹی اور عوام کے ساتھ مل کر اس مشکل میں کام کریں گے، میاں شہباز شریف نے پریس ٹاک کا اختتام اس شعر پر کیا: فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں، موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں