اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ چوری کے سوال پر مظلومیت اور سیاسی انتقام کا سکرپٹ پرانا ہوچکا، شریف خاندان نے ہمیشہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھا، ملکی اداروں کے سربراہان ہوں یا معزز جج، آپ نے ذاتی ملازموں کی طرح برتاؤ رکھا۔ جمعہ کو مریم اورنگزیب کے بیان پر اپنے ردعمل میں ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ چوری کے سوال پر مظلومیت اور سیاسی انتقام کا سکرپٹ پرانا ہوچکا۔ شریف خاندان نے ہمیشہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اداروں کے سربراہان ہوں یا معزز جج، آپ نے ذاتی ملازموں کی طرح برتاؤ رکھا۔
ضمانت پر ہوں تو ملکی اداروں کے خلاف بیانات اور جعلی انقلابی بننا پرانا سٹنٹ ہے، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں قومی خزانے کو 213 ملین روپے کا نقصان پہچانے والے کرپٹِ اعظم ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ نااہل درباری بیشرمی، ڈھٹائی، منافقت جیسے الفاظ کی مفصل تشریح ہیں، جعلی ٹی ٹیز اور جعلی بنک اکاؤنٹس سے جائیدادیں بنانے والوں نے میڈیا پر وکالت کیلئے غلام رکھے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ملک لوٹنے والوں کے احتساب کی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ شریف برادران اور درباری جان لیں، چوری کا حساب دینے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، کرپشن میں ملوث چور لٹیروں کا بلا امتیاز احتساب ہوگا۔