کراچی (عکس آن لائن) شرجیل خان اور بابر اعظم کی اوپننگ پارٹنرشپ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو بآسانی 10 وکٹوں سے کامیابی دلوادی۔شرجیل خان نے 5 چوکوں اور5 چھکوں کی مدد سے 59 گیندوں پر 74 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 گیندوں پر اپنے 69 رنزبنائے۔
پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی ٹیم 10 وکٹوں سے جیتی ہو۔پورے کھیل کے دوران لاہور قلندرز کے بالرز شرجیل خان اور بابراعظم کی بیٹنگ کے دوران بے بس نظر آرہے تھے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں برقی قمقموں کی روشنی ْمیں جمعرات کوکھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو میچ جیتنے کے لئے 151 رنز کا حدف دیاجو کراچی کنگز نے 17.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔شرجیل خان نے 40 گیندوں پر جبکہ بابر اعظم نے 36 گیندوں پراپنی اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
کراچی کنگز نے 17.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے151 رنز کا حدف پورا کرلیا۔اس سے پہلے قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے7 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 37 گیندوں پر اپنی نصف سینچری 50 رنز مکمل کئے تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پرٹہر نہ سکے اور جب ان کا انفردی اسکور 68 رنز پر پہنچا تو وہ ارشد اقبال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں 8 چوکے اور 2 چھکے لگائے ۔فخرزمان 3 چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 17 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ سہیل اختراور فخرزمان کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بنے۔
محمد حفیط نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 گیندوں پر 35 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔پاور پلے کے ابتدائی 6 اوورز میں قلندرز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 49 رنز بنائے۔ قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ سہیل اختر، فخرزمان اور محمد حفیظ کے علاوہ کوئی بھی قلندر کا بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔ کراچی کنگز کے ارشد اقبال نے 3 اوورز میں 15 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ عمید آصف نے بھی اپنے 4 اوورز میں 34 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جورڈن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، ایلیکس ہیلز، چیڈویک ولٹن، اوسامہ میر،محمد عامر، عمید آصف، کرس جورڈن،افتخار احمد اور ارشد اقبال شامل ہیں۔ اسی طرح لاہور قلندرز کی ٹیم کی قیادت سہیل اختر کررہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، کرس لیئن، محمد حفیظ، بین ڈنک، محمد فیضان، ڈیوڈ ویسے،سمیت پٹیل، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین شامل ہیں۔ امپائرنگ کے فرائض مائیکل گوف اور احسن رضا انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹی وی امپائر راشد ریاض ہیں۔