اسلام آباد (عکس آن لائن) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبروں کی تردید کر دی. بیمارہوں اور31 جنوری سے چھٹیوں پر ہوں، علاج کے بعد وطن واپس آ کر اپنے فرائض انجام دوں گا۔
منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اپنے استعفے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ صحت خرابی کے باعث چھٹیوں پر ہوں اور بیرون ملک علاج کے سلسلے میں آیا ہوں، جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آﺅں گا
جبکہ میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے حکومت کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے سے معذرت کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق شبر زیدی نے صحت کی خرابی کے باعث عہدہ چھوڑا ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
شبر زیدی نے وزیراعظم عمران خان کو بھی اپنی خرابی صحت سے آگاہ کیا ہے اور بطور چیئرمین ایف بی آر کام کرنے سے معذرت کی ہے اور کسی دوسرے قابل اعتماد اور ماہر شخص کو چیئرمین ایف بی آر تعینات کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ پیر کے اجلاس میں وزیراعظم نئے چیئرمین ایف بی آر لانے کے حوالے سے عندیہ دیا تھا کہ شبر زیدی کی بیماری کے باعث کسی قابل اعتماد شخص کو چیئرمین ایف بی آر کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔(اح+م ا)