شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

انقرہ (عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انتالیہ میں ترکی کے وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،کثیرجہتی شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے انطالیہ سفارتی فورم کے کامیاب انعقاد پر ترک ہم منصب کو مبارکباد دی اور بہترین انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

ترک وزیر خارجہ نے انطالیہ سفارتی فورم کے زیر اہتمام منعقدہ مذاکرے بعنوان ”ایشیا و علاقائی روابط” میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب کی تعریف کی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ انتالیہ فورم میں دنیا بھر سے اعلیٰ سطحی قیادت کی شرکت، اس فورم کی کامیابی کا مظہر ہے،انطالیہ سفارتی فورم کی بدولت کثیر تعداد میں مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات اور تبادلہ خیال کے بہترین موقع میسر آئے ۔دونوں وزرائے خارجہ نے، پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے، اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل (HLSCC ) کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی، پاکستان اور ترکی کے مابین اس اعلیٰ سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کا ساتواں اجلاس، رواں سال، ترکی متوقع ہے ،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل اور افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، ایک پرامن، خود مختار اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے ترکی کی جانب سے کی گئیں گرانقدر کاوشوں اور روابط کو سراہا۔ترک وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے،خطے کے استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں