وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

سیاسی جماعتیں یا سیاسی قائدین ہماری ریڈ لائن نہیں ، وطن کی مٹی اور ہمارے شہدا ہماری ریڈ لائن ہونی چاہیے، وزیر دفاع

سیالکوٹ(عکس آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں یا سیاسی قائدین ہماری ریڈ لائن نہیں ، اس وطن کی مٹی اور ہمارے شہدا ہماری ریڈ لائن ہونی چاہیے جنہوں نے اس وطن عزیز کے دفاع اور ہماری حفاظت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے سے بھی گریز نہیں کیا، ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے شروعات کی تاہم اسے پایہ تکمیل پاکستان مسلم لیگ (ن)نے پہنچایا ، ایٹمی طاقت بننے کی وجہ سے ہمارا دفاع بہت مضبوط ہو گیا ہیے۔

وہ ایک نجی کالج کے نویں کانووکیشن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی پروگرام میں شرکت میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے جہاں ہماری قوم کی بیٹیاں اپنی تعلیمی ڈگریاں مکمل کرنے کے بعد آگے بڑھتے ہوئے اپنی عملی زندگی کا آغاز کرنے جا رہی ہیں، میں اپنی ان تمام بیٹیوں کو اور ان کے والدین کو ان کی کامیابی پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں مستقبل میں بھی ڈھیروں کامیابیوں سے نوازیں۔

انہوں نے کہا کہ فقط بی اے ، ایم اے کی ڈگری حاصل کر لینا ہمارا مقصد نہیں ہونا چاہیے بلکہ میں تمام طالبعلموں کو بامقصد تعلیم کے حصول کا درس دیتا ہوں کیونکہ بامقصدتعلیم کا حصول ہی ہمیں آگے بڑھنے کے لیے ممدو معاون ثابت ہو سکتا ہے اور اسی سے ہم درپیش چیلنجزسے نبردآزما ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں آئی ٹی سمیت بامقصد تعلیم کا حصول بہت ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر ترقی ممکن ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے لیے شروعات کی تاہم اسے پایہ تکمیل پاکستان مسلم لیگ (ن)نے پہنچایا ، ملکی ایٹمی اثاثوں میں افواج پاکستان کا بھی انتہائی اہم کردار رہا ہے اور ہماری پاک فوج آج بھی اپنی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ان ایٹمی اثاثوں کی بھی حفاظت کر رہی ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہیدوں اور غازیوں کی قدر کرنی چاہیئے کیونکہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو بھول جاتی ہیں اور ان کی یادگاروں کی توہین کرتی ہیں تو ایسی قومیں پنپ نہیں سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 سے 2017 تک ملک میں ہمیں جو ترقی ہوتی ہوئی نظر آئی2018 کے بعد اسے دوبارہ تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا جسے سنبھالنے کے لیے ہم دن رات کوشاں ہیں تاہم ابھی تک کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود ہم پرعزم ہیں کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں بہت جلد دوبارہ سے ملک کو تعمیروترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ ہم نوجوانوں کو بہتر روزگار کی فراہمی سمیت ان کے بہتر مستقبل کے لیے بھی کوشاں ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو صبرو تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا چاہئے، صبروتحمل کو پروان چڑھانا چاہیے اور ایک دوسرے کی رائے کا بھی احترام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات قومی زندگی میں اختلاف رائے کی بدترین متشددشکل تھی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس دوران ان اداروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارے محسن ہیں جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، شہداکی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ، پاک فوج کے جوان اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ہماری حفاظت کر رہے ہیں لہٰذا ہمیں ان کی ان قربانیوں کی قدر کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج ہی ہیں جو ہمیں پرسکون زندگی فراہم کرنے کے لیے خود اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سرکاری ملازم تو پورے ملک میں ہیں جو ایک شہر سے دوسرے شہر میں تبادلے پر راضی نہیں ہوتے اور اپنی مجبوریاں بتانا شروع ہو جاتے ہیں تاہم کیا کبھی کسی فوجی سے بھی کسی نے آج تک یہ سنا کہ میں نے افغانستان بارڈر پر نہیں جانا، میں نے فلاں جگہ نہیں جانا، کبھی نہیں سنا ہو گا کیونکہ ان فوجیوں کویہ سہولت میسر ہی نہیں یہ سہولت صرف دوسرے سرکاری ملازمین کے لیے ہے اور وہ ہمارے پاک فوج کے جوان ہی ہیں جو سرحدوں سمیت ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔

انہوں نے شہر سیالکوٹ کے باسیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 1991سے آج تک میرے شہر کے لوگوں نے مجھے بہت نواز اور مجھے ہمیشہ جو عزت و تکریم بخشی اس پر میں تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں 7 مرتبہ رکن پارلیمنٹ رہ چکا ہوں جو میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے جس میں اللہ تعالیٰ کے بعد میرے شہر کے لوگوں کا کردار ہے اور میں اپنے شہر کے لوگوں کی محبتوں کا ہمیشہ مقروض رہوں گا۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے طالبات میں سرٹیفکیٹس اور اسناد تقسیم کیں جبکہ ڈائریکٹر شاداب گرلز کالج ملک عظمان احمد نے خواجہ محمد آصف کو یادگاری شیلڈ سے بھی نوازا۔ صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)سیالکوٹ سٹی محمد رفیق مغل، خواجہ سلطان ٹیپو، رانا وحید، سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ حافظ محمد معروف ، صدر ایس ایس اے سید ندیم الحسن گیلانی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد بھی یہاں موجود تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں