سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کا گن اینڈ کنٹری کلب سے متعلق بل کو 6ماہ میں پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا حکم

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب سے متعلق بل کو 6ماہ میں پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا حکم دیدیا۔سپر یم کورٹ میں گن اینڈ کنٹری کلب ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران کلب کی انتظامیہ سے متعلق مجوزہ بل عدالت میں پیش کیا گیا، آئی پی سی کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلب کے معاملات کو چلانے کا بل تیار ہوگیا ہے،بل کو پارلیمنٹ سے پاس کرایا جا ئیگا،جسٹس عمر عطا بندیال نے نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ کیا کلب نے سی ڈی اے کے یوٹیلٹی بلز ادا کردیئے ہیں؟کلب نے کروڑوں روپے بینک میں رکھے ہیں، یوٹیلٹی بلزکی عدم ادائیگی کے باعث کلب ڈیفالٹ کررہا ہے،نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ سی ڈی اے نے بجلی ، گیس اور پانی کا کوئی بل کلب کو نہیں دیا،سی ڈی اے کلب سے 2004سے پراپرٹی ٹیکس مانگ رہا ہے،سی ڈی اے 2004سے اب تک کیوں سو رہا تھا،اگر عدالت حکم دے تو پراپرٹی ٹیکس کے دو کروڑ 30لاکھ ادا کردیں گے۔

جسٹس عمر عطابندیال نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کلب کے مالی معاملات میں مداخلت نہیں کریگی،جسٹس عمر عطابندیال نے سوال کیا کہ کیا کلب کے مالی معاملات کا فورنزک آڈٹ کرایا گیا؟ جس پر سیکرٹری آئی پی سی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ فرانزک آڈٹ کرایا گیا ہے جس پر وزارت کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے سوال کیا کہ کلب سے متعلق بل کتنے عرصے میں پارلیمنٹ سے منظور ہو جائیگا؟جس پر سیکرٹر ی نے کہا کہ بل کی منظوری کے لئے ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے،عدالت نے ایک سال میں نہیں چھ ماہ میں بل پارلیمنٹ سے منظور کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں