اسلام آباد (عکس آن لائن) سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) مانیٹری پالیسی کا اعلان جمعہ 15 مئی 2020ء کو کرے گاجس میں شرح سود (پالیسی ریٹ) میں مزید کمی متوقع ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس جمعہ کو ہوگا جس میں معاشی حالات کے تناظر میں مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران کمیٹی نے پالیسی ریٹ 9 فیصد تک کم ہو گیا ہے۔ مرکزی بینک نے یہ فیصلہ اقتصادی سست روی اور معاشی شرح نمو کوکورونا وئرس کی وباء کے اثرات سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے کیا ہے۔
ایم سی پی نے 17 مارچ کے اجلاس میں پالیسی ریٹ میں75 بیسس پوائنٹس کی کمی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد شرح سود 13.25 فیصد سے 12.50 فیصد تک کم ہو گئی ہے۔ ایک ہفتہ کے بعد 24 مارچ 2020 کو ایم پی سی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تا کہ کورونا وائرس کی وباء کے اقتصادی اثرات کا ازسر نو جائزہ لیا جا سکے۔ اجلاس میں شرح سود میں مزید 1.50 فیصد کی کمی کا فیصلہ کیا گی جس کے بعد شرح سود 11 فیصد تک کم ہو گئی۔ مزید برآں 16 اپریل 2020ء کو ایم پی سی کے اجلاس میں بیسس پوائنٹس میں مزید 200 کی کمی کی گئی جس سے شرح سود 9 فیصد تک کم ہو گئی۔
گزشتہ دو ماہ کے دوران مرکزی بینک نے پالیسی ریٹ میں 425 بی پی ایس کی کمی کی ہے جس کے نتیجہ میں دو ماہ کے قلیل عرصہ کے دوران شرح سود13.25 فیصد سے کم ہو کر 9 فیصد کی سطح پر آ چکی ہے۔