ڈاکٹر جاوید اکرم

سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ، طبی درسگاہوں میں ریسرچ پرخصوصی توجہ دی جائیگی’ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور ( عکس آن لائن)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم کی زیرصدارت علامہ اقبال میڈیکل کالج میں اہم اجلاس منعقدہوا،جس میںسیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاویداکرم،سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن سیدواجدعلی شاہ، چیئرمین بورڈ گوہراعجاز، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسرندیم حفیظ بٹ،ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹرامجدمحمود،بورڈ اورفیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس کے دوران جناح ہسپتال لاہورمیں مریضوں کوفراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مزیدآسانیاں پیداکرنے کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا۔چیئرمین بورڈگوہراعجاز کی جانب سے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم کو جناح ہسپتال لاہورمیں آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈگوہراعجازکی جناح ہسپتال کیلئے گراں قدرخدمات کو سراہاگیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ جناح ہسپتال لاہوردکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے،اس کی بہتری کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جائیں گے۔جناح ہسپتال میں ایچ ویک سسٹم کو فعال بنایاجائے گا۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ خدمت انسانیت کا موقع ملنا انسان پراللہ پاک کی بہت بڑی مہربانی ہوتی ہے۔ گوہراعجازخدمت انسانیت کیلئے رول ماڈل ہیں۔حضرت محمد ۖنے اپنے کردارکی عظمت سے پوری دنیاکوبدل دیا۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمت ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔

جناح ہسپتال میں مریضوں کی خدمت کرنے کاما ضی میں موقع ملا ہے۔جناح ہسپتال میں انتہائی بہترین ٹیم انتظا می معاملات کو احسن طریقے سے چلارہی ہے۔جناح ہسپتال میں مہمان خانہ کے اوقات کارتبدیل کردئیے جائیں گے۔ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ پوری دنیامیں مخیرحضرات دکھی انسانیت کی مددکرتے ہیں۔اللہ پاک نے خدمت انسانیت کرنے والے شخص کیلئے بڑے درجات رکھے ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ جناح ہسپتال کے ایچ آئی ایم ایس نظام میں مزیدبہتری لائیں گے۔سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کی سہولتوں سے مطمئن ہوناہمارے لئے سب سے اہم ہے۔

پنجاب کی طبی درسگاہوں میں ریسرچ پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔زندگی اللہ پاک کی امانت ہے اس لئے خدمت انسانیت کو اپنا شعاربناناچاہئے۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں لوکل پرچیزکی نئی پالیسی متعارف کروادی گئی ہے۔صوبہ کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی کمی کو پوراکرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔محکمہ سپیشلائزہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن مریضوں کی خدمت کیلئے ہسپتال انتظامیہ سے مکمل تعاون کرے گا۔چیئرمین بورڈگوہراعجازنے کہاکہ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرجاویداکرم فادرآف دی ہسپتال اور بڑے بھائیوں کے برابرہیں۔گوہراعجازفاؤنڈیشن جناح ہسپتال میں مریضوں کی خدمت کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلارہی ہے۔گوہراعجازنے کہاکہ جناح ہسپتال کو ایک ما ڈل ہسپتال بناناچاہتے ہیں۔جناح ہسپتال میں ابھی تک تین لاکھ سے زائدمریضوں کے ڈائیلسزکرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں