حلیم عادل شیخ

سرکاری زمین پر قبضے کا الزام، حلیم عادل کی ضمانت منسوخ، کراچی سے گرفتار

کراچی(نمائندہ عکس) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کوسرکاری زمین پر قبضے کے الزام میں ضمانت منسوخ ہونے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، اینٹی انکروچمنٹ حکام نے موقف اختیار کیا کہ حلیم عادل شیخ پر سرکاری زمین پر قبضے کا الزام ہے اور وہ تحقیقات میں شامل نہیں ہو رہے، انہیں 12 نوٹسز بھیجے گئے مگر اس کے باوجود وہ بیان ریکارڈ کرانے نہیں آئے۔

کراچی کی اینٹی انکروچمنٹ ضلع شرقی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ کر دی، حلیم عادل شیخ کی ضمانت منسوخ ہوتے ہی پولیس کی بھاری نفری عدالت کے باہر پہنچ گئی اور حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ اینٹی انکروچمنٹ عدالت نے حلیم عادل شیخ کی عبوری ضمانت میں 17 اگست تک توسیع کی تھی جس کے بعد وہ بدھ کو عدالت میں دوبارہ پیش ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں