احد چیمہ

سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی درخواست ضمانت پر سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ ۔ اعظم نذیر تارڑ معاون وکیل نے بتایاکہ امجد پرویز کی طبیعت ناساز ہے کرونا رپورٹ ابھی نہیں آئی،جب تک کرونا رپورٹ نہیں آجاتی تب تک التوا دیا جائے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ملزم کتنے عرصے سے جیل میں ہے۔ معاون وکیل نے کہاکہ احد چیمہ دو سال نو ماہ سے جیل میں ہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ہم اس کیس کا ریکارڈ دیکھنا چاہتے ہیں،دیکھنا ہے کن مقدمات میں ملزمان کو حراست میں رکھنا ضروری ہے۔

انہوںنے کہاکہ مقدمے میں 150 گواہان ہیں ابتک صرف 40 گواہوں کے بیان ریکارڈ ہوئے ہیں۔ معاون وکیل اعظم نذیر نے کہاکہ نیب نے ضمنی ریفرنس دائر کرکے مزید مواد اور گواہ شامل کر لیے ہیں،ملزم بری ہو جاتا ہے تو اس کے قید میں گزرے تین سال کا ازالہ کون کریگا۔

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے احد چیمہ کے وکیل امجد پرویز کی علالت کے باعث سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ،احد چیمہ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں