لاہو ر(عکس آن لائن) پاکستان کے اولمپین جیولین تھرور ارشد ندیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ری ہیب بھی ساتھ ساتھ جاری ہے، پہلے سے بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں، جونہی میرا ری ہیب مکمل ہوگا تو میں باقاعدہ بھرپور ٹریننگ کا آغاز کردوں گا۔ارشد ندیم نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں میڈل کو ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال اہم ایونٹس آ رہے ہیں اور آئندہ برس پیرس اولمپکس بھی ہیں جن کے لیے بھرپور ٹریننگ کرنی ہے، جولائی میں ورلڈ ایتھلیٹکس کے مقابلے ہیں، اس وقت میرا ہدف ورلڈ ایتھلیٹکس چمپئن شپ ہے، مجھے اس ایونٹ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہے اور میڈل جیتنا ہے۔
اولمپین جیولین تھرور کا کہنا تھا کہ میری کہنی اور گھٹنے کا مسئلہ پرانا چلا آ رہا تھا، گھٹنے کی تکلیف چھ سات سال سے تھی جبکہ کہنی کی تکلیف کا شکار میں 3سال سے تھا، میں ایونٹس میں حصہ لیتا رہا لیکن مجھے مشکل پیش آ رہی تھی، ابھی میرے پاس وقت تھا تو پھر میں نے سرجری کرائی اب بہتر ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرا پاکستان میں ہی ری ہیب جاری ہے، یہاں مسئلہ تو ہے کیونکہ یہاں ورلڈ لیول کی سہولیات نہیں لیکن پھر بھی شکر ہے سب اچھا جا رہا ہے۔
ارشد ندیم نے کہا کہ ڈاکٹر اسد عباس کی نگرانی میں ری ہیب کر رہا ہوں، ڈاکٹر علی باجوہ جو انگلینڈ میں ہوتے ہیں اور جنہوں نے میری سرجری کی ہے ان کے ساتھ ویڈیو کال کے ذریعے رابطے میں ہوتا ہوں۔ارشد ندیم نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں ریکارڈ 90.18 میٹر تھرو کی، اگر میں اسی طرح تھرو کرتا ہوں تو آئندہ ایونٹس میں بھی میرے میڈل جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔واضح رہے کہ اولمپین ارشد ندیم گھٹنے اور کہنی کی سرجری کے بعد ان دنوں اپنے ری ہیب کے آخری مراحل میں ہیں۔