میاں اسلم اقبال

ذاتی مفادات کے لئے بننے والا حکمران اتحاد عوام کی عدالت میں جانے سے خوفزدہ ہے’ میاں اسلم اقبال

لاہور (نمائندہ عکس)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط غلام ذہنیت نے قومی معیشت برباد کر دی ہے،ذاتی مفادات کے لئے بننے والا حکمران اتحاد عوام کی عدالت میں جانے سے خوفزدہ ہے،نااہلوں اور نالائقوں کا اقتدار عوام پر ظلم کے پہاڑ ڈھارہا ہے۔ انہوں نے 90شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی وزرائ، اراکین اسمبلی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔عوام ریلف چاہتے ہیں جبکہ کرپٹ ٹولا اپنے تمام کیسز کاخاتمہ ۔کرپٹ ٹولا این آر او ٹو کے مزے لے رہاہے اور عوام مہنگائی سے پریشان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں بیٹھے حکمران جمہوری رویہ اپنائیں اور عام انتخابات کا اعلان کریں۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قوم کو حقیقی آزادی کا شعور دیا ہے اور باشعور عوام کرپٹ ٹولے کو مزید ملک کی معاشی تباہی کی اجازت نہیں دیں گے۔قوم کی معاشی مشکلات بڑھانے کے ذمہ داروں کو اب جانا ہوگا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ انتخابات جب بھی ہوں گے جیت تحریک انصاف کی ہوگی۔شکست سے خوفزدہ 13جماعتوں کا حکمران اتحاد الیکشن سے بھاگ رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پنجاب کے ترقیاتی مسائل اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر توانائی و خوراک سردار حسنین بہادر دریشک، اراکین اسمبلی صمصام بخاری، عرفان نیازی اور دیگر شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں