دھان

دھان کے کاشتکار کدو، خشک، راب کاطریقہ استعمال کرسکتے ہیں،ترجمان آری

فیصل آباد(عکس آن لائن):ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ 20 مئی سے دھان کی کاشت شروع کرنیوالے کاشتکار کدو، خشک، راب کاطریقہ استعمال کرسکتے ہیں جس سے دھان کی بہتر پیداوار حاصل ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کد و کے طریقہ کاشت کے مطابق دھان کی فصل کاشت کرنے سے پہلے کھیت میں ایک سے دو مرتبہ خشک ہل چلایا جاتاہے اور پنیری بونے سے تین دن قبل کھیت میں پانی بھردیاجاتاہے جس کے بعد دوسرا ہل چلاتے ہوئے سہاگہ دینا بھی ضروری ہے۔انہوں نے بتایاکہ کھیت کو 10،10مرلے کے پلاٹوں میں تقسیم کرکے انگوری مارے ہوئے بیج کا چھٹا دینا چاہیے اور اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ چھٹادیتے وقت کھیت میں ایک سے ڈیڑھ انچ پانی موجود ہو۔

انہوں نے کہاکہ خشک طریقے کے مطابق زمین کو پانی دے کر وتر حالت میں لاتے ہوئے دوہرا ہل اور سہاگہ دے کر کھیت کو کھلا چھوڑدیاجاتاہے اور کاشت سے پہلے دوہرا ہل چلاکر پھر سہاگہ دیاجاتاہے جس کے بعد خشک بیج کا چھٹا دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ راب کے طریقہ کاشت کے تحت خشک زمین میں تین سے چار مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دیتے ہوئے زمین کو نرم وبھربھراکرنے کے بعد ہموار کھیت میں گوبر، پھک یاپرالی کی 2انچ تہہ ڈال کر آگ لگا دی جائے اور راکھ ٹھنڈی ہونے پر اسے زمین میں ملا دینا چاہے۔ انہوں نے کہاکہ بعدازاں سفارش کردہ مقدار کے مطابق بیج کاچھٹادیتے ہوئے کیاریوں کو آہستہ آہستہ پانی لگادینا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں