دوسری عالمی جنگ

دوسری عالمی جنگ، سوویت یونین پر نازی حملہ شرمناک تھا، جرمن چانسلر

برلن (عکس آن لائن)جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے 80 برس قبل دوسری عالمی جنگ کے دوران جون 1941 میں نازی جرمنی کی سوویت یونین پر فوجی چڑھائی کو باعث شرم قرار دیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وفاقی جرمن چانسلر میرکل نے اپنی ہفتہ وار ویڈیو پوڈکاسٹ میں آٹھ عشرے قبل اس دور کی سابقہ ریاست سوویت یونین میں نازی جرمن فوجی دستوں کی مداخلت کے حوالے سے کہا کہ یہ عسکری چڑھائی شرم کی بات تھی۔ نازیوں نے سابقہ سوویت یونین پر یہ چڑھائی 22 جون 1941 کے دن شروع کی تھی اور آئندہ منگل کو اس عسکری مداخلت کو ٹھیک 80 سال ہو جائیں گے۔جرمن چانسلر میرکل نے کہا کہ نازی رہنما اڈولف ہٹلر کی فوج نے 80 سال پہلے 22 جون کے روز سوویت یونین پر جو فوجی چڑھائی شروع کی تھی، اس کے نتیجے میں کئی ملین انسان مارے گئے تھے۔ اس حوالے سے چانسلر میرکل نے اپنی ہفتہ وار پوڈکاسٹ میں کہا کہ نازی جرمنی کا سوویت یونین پر حملہ خاص طور پر روس، یوکرائن، بیلاروس، بالٹک کی تینوں جمہوریاں اور دیگر سوویت ریاستوں میں کئی ملین انسانوں کی موت کی وجہ بنا۔ میرکل نے کہاکہ ہم جرمنوں کے لیے یہ شرم کا دن ہے۔

یہ شرمندگی ہم پر وہ قرض ہے، جس کے ہم اس فوجی مداخلت کے کئی ملین ہلاک شدگان اور ان کی بعد میں آنے والی نسلوں کے قرض دار ہیں۔جرمن چانسلر نے اپنے اس ویڈیو پیغام میں ماضی میں سابق سوویت یونین کی مصالحت پسندانہ سوچ پر جرمنی کی طرف سے شکریہ بھی ادا کیا۔ لیکن ساتھ ہی انہوں نے آج کے وفاقِ روس اور بیلاروس پر تنقید بھی کی، جہاں قومی اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے خلاف حکومتی کریک ڈائون جاری ہیں۔میرکل نے ان جابرانہ اقدامات کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا، جس کا موجودہ روس اور بیلاروس میں اپوزیشن سیاست دانوں اور سول سوسائٹی کو سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب پرامن مظاہرین اور اپوزیشن کارکنوں کے احتجاج کو روکا جائے گا، تو اس سے ہمارے دوطرفہ تعلقات دبا میں تو آئیں گے ۔آئندہ منگل کے روز سوویت یونین پر نازی جرمنی کی فوجی چڑھائی کے 80 برس مکمل ہونے کے موقع پر برلن شہر کے علاقے پانکوو میں سوویت جنگی یادگار پر ایک مرکزی تقریب کے دوران پھولوں کی چادر چڑھائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں