جاوید شیخ

دلیپ کمار سے ملاقات کے وقت میرے ہاتھ کانپ رہے تھے ‘ جاوید شیخ

لاہور(نمائندہ عکس)سینئر اداکار جاوید شیخ نے کہا ہے کہ میری دلیپ کمار سے تین ملاقاتیں ہیں لیکن ان میں سے دوسر ی ملاقات انتہائی یادگار ہے ، میرا جب ان سے تعارف کرایاگیا تو ہاتھ ملاتے ہوئے میرے ہاتھ کانپ رہے تھے لیکن انہوں نے مجھے گلے لگا لیا اور مجھے لگا شاید انہیں کوئی غلط فہمی ہو گئی ہے ۔ ایک انٹر ویو میں جاوید شیخ نے بتایا کہ میری دلیپ کمار سے پہلی ملاقات فلم دوسرا کنارہ کی پروموشن کے موقع پر ممبئی میں ہوئی اور میری خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ ایک بار میں ایک فلم کی شوٹنگ کے لئے لندن میں موجود تھا کہ تو اس فلم کی ہیروئن سلمیٰ آغا کی والدہ نے کہا کہ آپ نے اورڈائریکٹر نے شام کو میرے گھر آنا ہے ایک مہمان آرہے ہیں جس پر ان سے مہمان کے بارے میں استفسار کیا تو انہوںنے بتایا کہ دلیپ کمار آرہے ہیں اور ملاقات کے شوق میں میری رات کی نینداڑ گئی تھی۔جاوید شیخ نے بتایا کہ سلمیٰ آغاکی والدہ سب کا تعارف کرا رہی تھیں اور جب میری باری آئی تو ہاتھ ملاتے ہوئے میرے ہاتھ کانپ رہے تھے لیکن جب دلیپ کمار نے مجھے دیکھا تو گلے لگالیا اور کہا کہ میں تو اسے بہت اچھی طرح جانتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں حیران رہ گیا کہ میں تو شوبز میں نیا ہوں یہ مجھے کیسے جانتے ہیں ، شاید انہیں غلط فہمی ہو گئی ہے چلو ان سے گلے تو لگ رہا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میزبان کے پوچھنے پر دلیپ کمار نے بتایا کہ ہم نے پاکستانی ڈرامہ سیریل ‘ان کہی ” دیکھنے کے لئے منگوایا اور طے ہوا کہ ہر روز ایک قسط دیکھیں گے لیکن ہم نے رات کو ڈرامہ لگایا تو صبح تین بجے اٹھے اور 13اقساط دیکھ چکے تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں